اردو ناولٹ کی روایت | اردو ناولٹ کا ایک سو تیس سالہ سفر | ڈاکٹر ناصر بلوچ
اردو ناولٹ کی روایت | اردو ناولٹ کا ایک سو تیس سالہ سفر | ڈاکٹر ناصر بلوچ
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
ناصر بلوچ نے 1869 سے ناولٹ کی تاریخ کا آغاز کیا ہے گویا اس کی عمر ڈیڑھ صدی سے بھی زیادہ نکلتی ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں یہ ایسی گری پڑی صنف نہیں کہ ذیلی یا ضمنی صنف مان لی جائے اور کسی دوسری صنف کا ضمیمہ ٹھہرا دی جائے۔ مصنف نے اس کی تاریخ 1998ء تک بیان کی ہے۔ اس صنف کی شناخت کرنا اور اس کی ایک سو تیس سال کی تاریخ کھوج نکالنا آسان کام تو نہیں، خاصا مشکل کام تھا۔ ناصر بلوچ نے یہ مشکل کام کر کے کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اب اگلی بات یہ ہے کہ اردو ناولٹ پر یہ پہلا تحقیقی کام تھا۔ اس کے بعد جب یاروں کو پتا چلا کہ یہ بھی ایک جاندار صنفِ ادب ہے، انہوں نے اس پر تحقیق شروع کر دی۔ ناصر تحقیق تو کر ہی چکا تھا، یاروں کو تحقیق میں زیادہ سر کھپانے کی ضرورت نہیں تھی۔ اب اسے شائع کیا جا رہا ہے تو یقیناً اس کا مقصد اس موضوع پر تحقیق نگاروں کو دعوت دینا نہیں، بلکہ اس تحقیق کو اردو ادب کے قاری کے لیے عام اور آسان کرنا ہے۔ اردو فکشن میں ناول اور افسانے کے ساتھ ساتھ ناولٹ کی صنف موجود ہے، مگر یہ صنف محققین کی توجہ سے عموماً محروم رہی ہے۔ ناصر بلوچ ایک شاعر، افسانہ نگار اور ڈراما نگار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے اور سچے محقق بھی ہیں۔ انہوں نے اردو ناولٹ کو اپنی تحقیق کا موضوع بنایا ہے اور صدقِ دل سے تحقیق کا سفر کیا ہے۔ انہوں نے ناولٹ کی صنفی شناخت کے تعین میں دیدہ وری سے کام لیا ہے۔ اردو میں لکھے گئے ناولٹ تلاش کیے ہیں اور ان کا تجزیہ بہت خوبی اور خوبصورتی سے کیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس کا تحقیق کا سفر بار آور ہوا ہے۔
ڈاکٹر امجد علی شاکر
شیئر کریں
