بلوچستان اور برطانوی سامراج
بلوچستان اور برطانوی سامراج
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
کتاب: بلوچستان اور برطانوی سامراج
تبصرہ: جعفر قمبرانی
یہ کتاب چھ ابواب اور 220 صفحات پر مشتمل ایک بہترین تصنیف ہے جو بلوچ قوم کی حکمرانی، بہادری اور شجاعت کو بہت عمدہ انداز میں بیان کرتی ہے۔ کتاب میں بلوچستان میں نوآبادیاتی نظام کے آغاز سے لے کر اس کے اثرات تک کو مختلف پہلوؤں سے اجاگر کیا گیا ہے۔
کتاب کے پہلے باب میں بلوچستان کی وسیع و عریض سرزمین کی حدود اور جغرافیائی اہمیت کو ایک انتہائی اہم تناظر میں پیش کیا گیا ہے، جس میں دریاؤں سے لے کر دروں، پہاڑوں، ریگستانوں اور کئی دیگر اہم خصوصیات کو زیرِ بحث لایا گیا ہے۔ کتاب کے مطابق بلوچستان وہ خطہ ہے جہاں سے سکندرِ اعظم کے تینوں قافلوں میں سے ایک بلوچستان کے درہ مولہ سے گزرا تھا اور خود سکندر مکران کے راستے ایران واپس گیا تھا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بلوچستان جنوبی ایشیا اور مغربی ایشیائی ممالک کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے جہاں سے یہ ممالک بحر ہند سمیت مختلف خطوں سے جڑ سکتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ انگریزوں کو افغانستان تک رسائی کے لیے سب سے پہلے ریاستِ قلات کو یرغمال بنا کر اس پر قبضہ کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔
بلوچستان کے معدنیات کے حوالے سے کتاب میں شامل حصے قابلِ رشک ہیں، جہاں کرومائیٹ، برونائیٹ، سنگِ مرمر، سونا، چاندی، گیس، لوہا اور گندھک وغیرہ کے بڑے ذخائر کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر موجودگی کا ذکر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، کتاب کے دوسرے باب میں ریاستِ قلات اور بلوچستان کے حکمرانوں اور خوانین کا تذکرہ کیا گیا ہے، جس میں سحرائی، سیوہ قمبر اور احمد کا تذکرہ سرِفہرست ہے۔ تاہم، کتاب میں بلا جھجھک سچ لکھتے ہوئے بیان کیا گیا ہے کہ قلات کی بلوچ مرکزیت کی بنیاد رکھنے کا سہرا بلوچوں کے میروانی قبیلے کے سر جاتا ہے۔
1511 میں میر عمر میروانی کا ذکر کرتے ہوئے شازیہ جعفر لکھتی ہیں کہ وہ سردار میرو خان میروانی کے بیٹے تھے اور ان کے بعد قلات کی حاکمیت ان کے پاس تھی۔ تاہم ان کے بیٹے بجار خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد اسے عوام کے حوالے کر دیا اور خود گوشہ نشین ہو گئے۔ یوں ریاستِ قلات کی باگ ڈور مغلوں کے قبضے میں چلی گئی۔
کتاب میں خوانینِ قلات کا مغلوں سے میروانی، قمبرانی اور پھر احمدزئی خاندان تک کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا ہے، اور سب سے بڑھ کر میر نوری نصیر خان اور شہید میر محراب خان کے ادوار کو خوب تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔
خان نوری نصیر خان کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ 1749 سے 1794 تک حکومت کر کے انہوں نے بلوچ سرزمین کو ایک نئے انداز سے بدل دیا۔ میر نوری نصیر خان ہی تھے جنہوں نے بیرونِ ممالک سے تجارت اور دیگر امور پر اپنی بہترین خارجہ پالیسی تشکیل دی۔ انہوں نے ریاست کے لیے قبائلی فوجی نظام، محکمہ انصاف اور مجلسِ مشاورت بھی قائم کی۔
انگریز دور کے آنے تک کے آخری خان، خان شہید محراب خان کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ کتاب انہیں قدیم بلوچستان کا پہلا مجاہد اور مزاحمت کار قرار دیتی ہے، جنہوں نے 1839 میں انگریز سرکار اور سامراج کے خلاف قلات میری میں بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
کتاب میں کچھ ایسے افراد کا ذکر بھی ہے جنہوں نے انگریزوں کے آلہ کار بن کر شہید محراب خان اور ان کی حکومت کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان میں چند اہم نام اخوند محمد صالح، اخوند محمد صدیق، ملا محمد حسن اور
شاہ شجاع بن تیمور شاہ ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ شجاع بن تیمور شاہ وہ شخص تھے جنہوں نے افغانستان سے بھاگ کر خانِ قلات کے ہاں پناہ لی تھی اور پھر انگریزوں کے ساتھ مل کر اپنے محسن میر محراب خان شہید کے خلاف سازش کی تھی۔
علاوہ ازیں، کتاب میں معاہدہ گندمک، معاہدہ ڈیورنڈ، معاہدہ پامیر، معاہدہ ایلفنسٹن اور ایران-برطانیہ و افغانستان-روس معاہدات کا ذکر کیا گیا ہے اور خصوصاً بلوچستان پر ان کے گہرے جغرافیائی اور سیاسی اثرات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
تمام ابواب کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ بلوچستان کی وسیع و عریض سرزمین کو انگریزوں کی "تقسیم کرو اور حکومت کرو" کی پالیسی کے تحت سمیٹ کر موجودہ بلوچستان تک محدود کر دیا گیا تھا۔ برطانوی سامراج کی "لالچ دو" کی پالیسی کی بنیاد پر خوانینِ قلات کو مری قبائل، تالپور بلوچوں اور دیگر کے مابین دست و گریباں کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی۔ کراچی، ڈیرہ جات، سیستان اور دیگر بلوچ علاقوں کو بلوچستان سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اور بلوچ قوم کی تاریخ کو مسخ کرنے اور انہیں آپس میں لڑانے کی غرض سے قوم کو زبان، علاقے اور عہدوں کے نام پر تقسیم کر کے رکھ دیا گیا۔
یقیناً بلوچستان آج جن مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، ان میں سے اکثر مسائل انگریزوں کی آمد اور ان کی نوآبادیاتی پالیسیوں ہی کے باعث پیدا ہوئے ہیں۔
بلاشبہ برطانوی سامراج وہی ہے جس نے بلا سوچے سمجھے، اپنے مفادات کے لیے قلات جیسی عظیم ریاست کو سنگین صورتحال سے دوچار کیا اور اسے مسائل کا گڑھ بنا کر چھوڑ دیا۔
شیئر کریں

- 5 stars: 2 (100%)
- 4 stars: 0 (0%)
- 3 stars: 0 (0%)
- 2 stars: 0 (0%)
- 1 star: 0 (0%)
Geo baloch
Geo baloch