بھاگ بھری | صفدر زیدی | صفدر نوید زیدی | بھاگ بھری
بھاگ بھری | صفدر زیدی | صفدر نوید زیدی | بھاگ بھری
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
یہ بھاگ بھری ناول ہے ،
سید صفدر زیدی ناول نگار ہیں، ہمارے دُور کے دوست ہیں، یعنی ادھر ولایت کے کسی ملک میں بستے ہیں، گھونگھے اور کیکڑے کھاتے ہیں، سبزیاں بھی پکا پکا کر دکھاتے ہیں اور ہمیں ناول پڑھاتے ہیں۔ مَیں یہ ناول پڑھ چکا ہوں۔ اور قدم قدم پر دہشت گردوں، اُن کے بنانے والوں، خون میں لت پت ہونے والوں اور زندگی کو شرمانے والوں کو اِس ناول میں ایسے دیکھ چکا ہوں کہ دل کی آنکھیں روتی ہیں۔ مرنے والوں کی مائیں اور اُن کے لٹ جانے والے بچے اِس ناول کا وہ منظر ہیں کہ تماشا اُن کا کرنے سے دل پھٹ کے رہ جاتا ہے۔ زیدی صاحب نے ناول میں ریاستی اور ملٹری کشمکش اور اُس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ایک طویل اور گہری خلیج، جو رویوں سے لے کر ذہنوں تک اُتر چکی ہے، ایسے فطری سلیقے سے دکھائی ہے کہ ایک آرٹسٹ اِس سے زیادہ نہیں دکھا سکتا۔ بیانیہ انتہائی دلچسپ ہے، رواں ہے اور صاف ہے۔ افغانستان اور برصغیر، ملا اور ملٹری کے درمیان ایسا سینڈوچ نظر آتا ہے جس کے اندر صرف اور صرف بارود کی غذا رکھی گئی ہے اور وہ دونوں طرف کی عوام کو مجبوراً کھانا پڑتی ہے۔ مجھے صفدر زیدی صاحب سے زیادہ ملاقاتوں کا واسطہ نہیں، نہ مَیں نے کبھی اُن کے کیکڑے اور جھینگے اور گھونگھے کھائے ہیں۔ بس یہ ناول پڑھا ہے اور پڑھ کر ایسی بے بسی کی حالت میں بیٹھا ہوں جس میں اب گھونگھے تو ایک طرف، کوئی نفیس شے کھانے کو بھی جی نہیں کر رہا۔ میرا تربوز بھی دو دن سے فریج میں پڑا رہا ہے، آج صبح زاہد کاظمی کے ساتھ مل کے تھوڑا زہر مار کیا ہے۔ میاں زیدی صاحب، بھلے لاکھوں ماؤں کی گودیں اُجڑ جائیں، سینکڑوں گھر ویران ہو جائیں، ہزاروں لہو کی نہریں بہہ جائیں مگر آپ کے جرنیلوں کے پالے ہوئے ملا، خالد خراسانی اور معاویہ یہی کچھ کرتے رہیں گے، میرے بھائی آپ نے ناول نہیں لکھا، آگہی کا نوحہ لکھا ہے۔ میری آپ کو مبارک، مگر دیکھیو پاکستان اب نہ آئیے گا، اگر آئیے گا تو دیکھ بھال کے، کہ مار بہت پڑتی ہے ایسی بے باکیاں دکھانے پر۔
علی اکبر ناطق
ISBN 9786273001869
شیئر کریں
