لانگ واک ٹو فریڈم | نیلسن منڈیلا
لانگ واک ٹو فریڈم | نیلسن منڈیلا
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
آزادی کی جانب اٹھتے قدم
آفس سے ہسپتال کے لیے نکلا تو بھوک نے آ گھیرا۔ راستے میں ایک چھوٹے سے لیکن خوبصورت کیفے پر رک گیا۔ کھانا آرڈر کرنے کے بعد شیلف پر نظر پڑی جس میں خوبصورت کتب نہایت شائستگی سے رکھی ہوئی تھیں۔ میری نظریں نیلسن منڈیلا کی Long Walk to Freedom پر جا کر ٹک گئیں۔ جسے بہت عرصہ پہلے میں نے پڑھنے کی کوشش کی تھی۔
نیلسن منڈیلا پر چاروں اطراف سے پابندی لگ چکی تھی جیسے آج عمران خان عتاب کا شکار ہے۔ لیکن نیلسن منڈیلا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ آزادی کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے خفیہ پلان کے ذریعے اپنے کارکنان کو گلی گلی، کوچے کوچے متحد رکھا۔ ان کی تربیت کے لیے علیحدہ سے نصاب تیار کیا گیا جس پر منڈیلا سمیت دیگر رہنما چھپ چھپ کر لیکچر دیا کرتے تھے۔
کمپنی سرکار جب منڈیلا کے عزائم اور اس کے کارکنان کو نہ روک سکی تو انہوں نے منڈیلا کو جیل میں اٹھا کر پھینک دیا۔ لیکن تعلیم و تربیت اور انقلاب کا قافلہ رواں دواں رہا۔ ویسے بھی سورج کو طلوع ہونے سے کون روک پایا ہے۔ 27 سالہ قید میں منڈیلا نے ہزاروں کتابیں پڑھیں اور امید کی کرن جگائے رکھی کہ ایک دن آئے گا، جب وہ سلاخوں سے نکل کر اپنی عوام کے درمیان ہوگا اور ان کے لیے آزادی کا نعرہ لگا رہا ہوگا۔
آخر کار 11 فروری 1990ء کا سورج آزادی کی کرن کے ساتھ طلوع ہوا۔ منڈیلا نے وکٹر وِسٹر جیل کے تمام اہلکاروں سے ملاقات کی اور سب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ منڈیلا کو کار میں بٹھا کر جیل سے روانہ کیا جانے لگا تو ایک اہم شخص بھاگتا ہوا منڈیلا کے پاس آیا۔ اس نے منڈیلا سے کار سے اترنے کی درخواست کی اور کہا: "ہم آپ کے آزادی کی جانب بڑھتے ہوئے آخری قدم دیکھنا چاہتے ہیں، اور آنے والی نسل کے لیے یہ لمحات ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں"۔ منڈیلا کار سے اترا، وہ دروازے کی جانب چلتا جا رہا تھا اور اس کے استقبال کے لیے موجود ہزاروں لوگوں کا شور بھی بڑھتا جا رہا تھا۔ دروازے پر پہنچ کر منڈیلا کے قدم رک گئے۔ وہ اپنے لوگوں کو 27 سال کے بعد دیکھ رہا تھا۔ پوری دنیا کا میڈیا منڈیلا کی کوریج کے لیے پہنچ چکا تھا۔ منڈیلا کا خواب تھا کہ وہ کبھی جیل سے باہر بھی ایک رات گزار سکے گا اور اپنی حقیقی آزادی کا نعرہ لگا سکے گا؟ اس کا خواب شرمندہ تعبیر ہو چکا تھا۔
(سنہ 2016 میں میں نے نیلسن منڈیلا کے پوتے 'منڈلا منڈیلا' کو اس وقت دیکھا جب وہ پاکستان آئے تھے۔ انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت پر مینارِ پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی تھی۔)
(خیال پارے
محمد طاہر
07 محرم 1445)
شیئر کریں
