سیاست، سنیما، سماج | (سیاست کے سنیما اور سنیما کے سماج پر اثرات کا تنقیدی مطالعہ)
سیاست، سنیما، سماج | (سیاست کے سنیما اور سنیما کے سماج پر اثرات کا تنقیدی مطالعہ)
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
یہ کتاب سنیما کو اسی تناظر میں دیکھنے کی ایک کوشش ہے جو عالمی سیاست اور سنیما کے باہمی ربط کا جائزہ لیتی ہے۔ سنیما ایک وسیع اصطلاح ہے جس میں فلم انڈسٹری کے بزنس، قوانین، نظریات، فلم سازی کی تحریکوں، تاریخ، اس کے سماجی، سیاسی اور ثقافتی اثرات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ یہاں اس اصطلاح کو انہی وسیع معنوں میں استعمال کیا گیا ہے۔
کتاب کے پہلے باب میں یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ کس طرح سے سیاسی، سماجی اور مذہبی نظریات فلم کا حصہ بنتے ہیں۔ اس سلسلے میں سرمایہ دارانہ، سامراجی، سوشلسٹ اور تیسری دنیا کی سیاست کے حوالے سے سنیما میں پیش کیے جانے والے نظریات کا تجزیہ کیا گیا ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ مختلف ریاستیں، جو مختلف نظریات پر وجود میں آتی ہیں، وہ سنیما کو کن بنیادوں پر استوار کرتی ہیں۔
دوسرے باب میں پہلی جنگِ عظیم کے دوران سنیما کے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے، جو اس دور کی بڑی شہرہ آفاق فلموں تک محدود ہے۔ ان فلموں کا انتخاب پہلی جنگِ عظیم اور سنیما پر لکھے گئے تحقیقی مقالوں اور کتابوں کے لٹریچر ریویو کے بعد کیا گیا ہے۔ فلمیں یوٹیوب پر دیکھی گئی ہیں اور جو وہاں میسر نہ آسکیں، ان کی کہانی ان کتابوں سے اخذ کی گئی ہے جو اس موضوع پر لکھی گئی ہیں۔
تیسرے باب میں پہلی اور دوسری جنگِ عظیم کے درمیانی وقفے میں عالمی سیاست اور سنیما کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ پہلی جنگِ عظیم کے بعد سیاسی نظریات کس طرح سنیما میں سرایت کرتے ہیں اور کیسے ریاستی بیانیہ تشکیل دیتے ہیں، اور اس دور کی بڑی فلموں نے عوام کے دل و دماغ پر کیا اثرات چھوڑے۔ سنیما نے کس طرح نازی بیانیے کو پروان چڑھاتے ہوئے یہودیوں، روما اور کمیونسٹوں کی نسل کشی کی راہ ہموار کی۔ ہالی وڈ نے کس طرح اپنے معاشی مفادات کا دفاع کیا اور جنگ کے لیے امریکہ میں رائے عامہ کو کیسے ہموار کیا۔ اس باب میں بھی فلموں کا انتخاب لٹریچر ریویو کی مدد سے کیا گیا ہے۔ نازی دور کی کچھ فلمیں یوٹیوب پر تعلیمی غرض سے موجود ہیں، جبکہ بہت سی فلمیں تاریخ کا حصہ بن گئیں جو انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں ہیں۔ ان کا جائزہ کتابوں اور تحقیقی مقالوں سے اخذ کیا گیا ہے۔
چوتھے باب میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران سنیما کے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سنیما کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے حصے میں نیوز ریلز اور دستاویزی فلموں (ڈاکیومینٹریز) کا تجزیہ کیا گیا ہے کہ انہوں نے کس طرح جنگ کی حقیقت کو تعبیر کر کے عوام کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد فیچر فلموں کا جائزہ لیا گیا ہے کہ وار فرنٹ اور ہوم فرنٹ فلموں میں کس طرح سے ریاستی نظریے اور جنگ کے بیانیے کو پیش کیا گیا ہے۔
پانچویں باب میں سرد جنگ، اس کی نظریاتی اور ثقافتی سیاست کے سنیما پر اثرات کو دیکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ جنگ سنیما سکرینوں پر بہت زیادہ شدت کے ساتھ لڑی گئی اور اس نے سوویت یونین کے خلاف سرمایہ داری کے بیانیے کو بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس باب میں ہالی وڈ اور سوویت یونین کے سنیما کی بڑی فلموں کا سیاسی تناظر میں جائزہ لیا گیا۔ گورباچوف کی اصلاحات کے سوویت سینما پر اور سینما کے ذریعے سوویت عوام پر مرتب ہونے والے اثرات کا طائرانہ جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے۔
اختتامیہ میں اس بحث کو سمیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کتاب میں حوالہ جات ہر باب کے آخر میں دیے گئے ہیں۔ یہ حوالہ جات امریکن سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن کے اشاعتی دستی (Publication Manual of the American Psychological Association) کے ساتویں ایڈیشن کے مطابق دیے گئے ہیں جو گوگل بکس اور گوگل سکالر سے لیے گئے ہیں۔ تحقیقی مقالے جے سٹور (JSTOR) اور دیگر ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں، بہت سی کتابوں تک رسائی کے لیے گوگل بکس کی مدد لی گئی اور بہت سی کتابیں مفت ڈیٹا بیسز سے حاصل کی گئیں۔
صفحات 288
شیئر کریں


- 5 stars: 0 (0%)
- 4 stars: 0 (0%)
- 3 stars: 0 (0%)
- 2 stars: 1 (100%)
- 1 star: 0 (0%)
سیاست , سنیما , سماج | ( سیاست کے سنیما اور سنیما کے سماج پر اثرات کا تنقیدی مطالعہ)