کمیونسٹ اور مذہب | ظ انصاری
کمیونسٹ اور مذہب | ظ انصاری
پک اپ کی دستیابی لوڈ نہیں ہو سکی۔
چھ ابواب پر مشتمل یہ کتاب "کمیونسٹ اور مذہب" دراصل مختلف مضامین کا مجموعہ ہے۔
لکھتے وقت میرے ذہن میں تین طرح کے قارئین تھے۔ ایک وہ عام لوگ جنہیں کمیونزم کے خلاف یہ کہہ کر بھڑکایا جاتا ہے کہ اگر کمیونسٹ برسرِاقتدار آ گئے تو تمہارے مندر، مسجد ڈھا دیں گے اور تمہارے پیارے مذہب کو ملیا میٹ کر دیں گے۔ وہ اس مکروہ پروپیگنڈے کا شکار ہو جاتے ہیں اور چونکہ کمیونسٹوں کے خلاف ان کے دلوں میں تعصب پیدا ہو جاتا ہے اس لیے وہ دور دور رہتے ہیں، انہیں یہ موقع نہیں مل پاتا کہ سیدھی سچی بات ان تک پہنچ سکے۔
ایسے لوگوں کے لیے کتاب کا چوتھا، پانچواں اور چھٹا باب خاص ہے؛ "ٹکراؤ ہے یا نہیں"، "مذہب کی آزادی" اور "آنکھوں دیکھی" میں انہیں اپنے بے جا تعصب کا رد اور اپنے سوالات کے جوابات مل جائیں گے اور میرا خیال ہے کہ اگر انہوں نے اس کتاب کی ہر بات کو پہلے سے جھوٹ فرض کر کے اپنی آنکھوں اور کانوں پر مہریں نہیں لگا رکھی ہیں تو انہیں اطمینان بھی ہو جائے گا۔
دوسرے قارئین وہ سنجیدہ لوگ ہیں جو سوال کو علمی اور فکری بنا کر سامنے رکھتے ہیں اور فلسفے یا نظریے کی زبان میں سننا اور پرکھنا چاہتے ہیں کہ کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ عملی طور پر تو آپ مذہبی لوگوں کو تھوڑی بہت چھوٹ دے دیتے ہیں، یا مخالفوں کی زبان بند کرنے کے لیے مذہب کو برداشت کر لیتے ہیں، لیکن دراصل اندر سے آپ کا من مذہب کے درپے آزار ہو اور آپ اسے پوری طاقت سے مٹا ڈالنے پر تلے ہوئے ہوں۔
اس طرح کے لوگ اگر صرف تعصب کے شکار نہ ہوں اور جانچنے کا سچا جذبہ رکھتے ہوں تو ان کے سوالوں کے جواب پہلے اور تیسرے باب میں خصوصیت سے موجود ہیں۔
تیسری قسم ان قارئین کی ہے جو کمیونسٹوں سے، ان کے روزمرہ کے پروگرام سے اور انسانیت کے لیے ایک خوشگوار مستقبل سے ہمدردی تو رکھتے ہیں لیکن صدقِ نیت سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کمیونسٹ فلسفہ مذاہب کو کس نظر سے دیکھتا ہے اور کیوں دیکھتا ہے۔ عملی طور پر انہیں یقین ہے کہ کمیونزم ان کے مذہب کو مٹانے کی کوئی تحریک نہیں ہے اور نہ ہی اس کی براہِ راست جنگ کسی مذہب یا مذہبی گروہ سے ہوتی ہے، لیکن وہ اپنی معلومات میں اس سلسلے میں کچھ اضافہ کرنا چاہتے ہیں اور تفصیل جاننے کا شوق رکھتے ہیں۔
ایسے لوگوں کے پڑھنے کا مواد دوسرے باب میں ملے گا۔ مصلحت کا تقاضا تھا کہ اس باب کو اتنا بے نقاب نہ ہونا چاہیے جتنا وہ ہے کیونکہ کمیونزم اور کمیونسٹوں کے دشمن اسے توڑ مروڑ سکتے ہیں۔ لوگوں کی وہم پرستی اور تعصب سے ناجائز فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔ اور یہ کتاب فائدے کی بجائے ممکن ہے کسی کو نقصان پہنچانے کا سبب بن جائے۔
لیکن مصلحت کے اس تقاضے کو رد کرتے ہوئے میری کوشش یہ ہے کہ اصل سوال کو گول مول نہیں، بلکہ پوست کندہ اور صاف صاف پیش کر دیا جائے تاکہ یہ کم از کم اس حلقے کے لیے مفید ہو سکے جو اپنے ذہن کے جالے صاف کرنے کی قوت رکھتا ہے اور بالکل ہی بے شعور یا بے ایمان نہیں ہے۔
دوسرے باب کو شامل کرنے کا مقصد یہی ہے، لیکن یہ مقصد اس وقت پورا ہوتا کہ مذاہب کی سماجی تاریخ ذرا اور تفصیل سے لکھی جاتی اور کھل کر بحث کی جاتی۔ اس کے لیے زیادہ صفحات، زیادہ مطالعے اور کہیں زیادہ محنت کی ضرورت تھی۔ آخر الذکر دو باتیں فی الحال میرے بس سے باہر ہیں۔ جو لوگ تفصیلی مطالعہ چاہتے ہوں انہیں اینگلز کی "اینٹی ڈہرنگ"، "لڈوگ فیورباخ"، مارکس کے منتخبات جلد اول، لینن کے مضامین کے علاوہ جدلیاتی اور تاریخی مادیت کے فلسفے پر تازہ لٹریچر کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے۔ مواد بہت ہے مگر بکھرا ہوا ہے اور اسے یکجا کرنا مشکل ہے۔ یہاں صرف اشاروں کی سی حیثیت ہے تاکہ موضوع پر تھوڑی بہت روشنی پڑ جائے۔
چوتھا باب تمام اوراق کا نچوڑ اور ان کا مقصد ہے۔ اسی لیے وہاں بعض مذکورہ جملوں کی تکرار بھی ہوئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ باب عام قارئین سے لے کر پڑھے لکھے لوگوں تک، سب کے لیے سوچنے سمجھنے اور اتفاق کرنے کا ضروری سامان فراہم کرے گا۔
اس کتاب کے حوالوں میں جہاں جہاں قوسین (...) نظر آتے ہیں، وہ تشریح یا وضاحت کی خاطر میں نے خود بڑھائے ہیں۔ یہ اس لیے ضروری تھا کہ اردو کا لب و لہجہ ابھی ان مسائل کو اصطلاحی جملوں میں بیان کرنے کا عادی نہیں ہے۔
یہ کتاب اس سلسلے کی اردو میں پہلی کڑی ہے اور اس اعتبار سے بالکل ابتدائی بھی۔ مجھے یقین ہے کہ اس کے بعد بہتر تصانیف اس موضوع پر آئیں گی اور اس سوال کو زیادہ تشریح اور زیادہ باریک بینی سے حل کریں گی۔
شیئر کریں


- 5 stars: 3 (100%)
- 4 stars: 0 (0%)
- 3 stars: 0 (0%)
- 2 stars: 0 (0%)
- 1 star: 0 (0%)
کمیونسٹ اور مذہب | Communist Aur Mazhab |ظ انصاری
کمیونسٹ اور مذہب | Communist Aur Mazhab |ظ انصاری
کمیونسٹ اور مذہب | Communist Aur Mazhab |ظ انصاری